جلال الدین احمد خان کا تعارف
جلال الدین احمد خاں بن حاجی رحیم الدین خاں رام پور کے علمی و ادبی حلقوں کی ایک ممتاز شخصیت تھے، آپ کی ولادت 5 شوال 1245ھ کو رام پور کے محلہ بنگلہ آزاد خاں میں ہوئی، ابتدائی فارسی تعلیم اپنے عہد کے معروف علما مولانا غیاث الدین عزت جو ’’غیاث اللغات‘‘ کے مؤلف تھے اور شیخ احمد علی رامپوری سے حاصل کی، جلال الدین احمد خاں عربی اور فارسی زبان و ادب میں غیر معمولی استعداد رکھتے تھے، آپ نہایت متشرع اور دیندار طبیعت کے مالک تھے، صوم و صلوٰۃ کی پابندی آپ کی زندگی کا نمایاں وصف تھی، علمی مشاغل کے ساتھ ساتھ شاعری سے بھی گہری دلچسپی رکھتے تھے اور فارسی و اردو دونوں زبانوں میں طبع آزمائی کرتے تھے، روحانی اعتبار سے آپ کو تصوف سے خاص وابستگی تھی اور شاہ سعید احمد مجددی دہلوی کے دستِ حق پرست پر بیعت تھے، 11 شعبان 1313ھ کو آپ نے وفات پائی اور شاہ ولی اللہ کے مقبرے میں آسودۂ خاک ہوئے، ’’تذکرہ کاملانِ رام پور‘‘ کے مؤلف نے آپ کا تخلص جلال درج کیا ہے، تاہم آپ کے اردو اور فارسی کلام میں زیادہ تر جلالی ہی تخلص ملتا ہے۔