جمیل بنارسی کا تعارف
جمیل بنارسی جن کا اصل نام محمد عثمان تھا اور تخلص جمیل اختیار کیا، اردو شاعری کے ان شعرا میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے بنارس کی ادبی فضا کو اپنے ذوقِ سخن سے مالا مال کیا، ان کی ولادت بنارس میں ہوئی جو انیسویں صدی سے بیسویں صدی کی ابتدائی دہائیوں تک شعر و ادب کا ایک اہم مرکز رہا اور جہاں اہلِ علم و فن کی محفلیں عروج پر تھی، جمیل بنارسی ایک علمی و دینی خانوادے سے تعلق رکھتے تھے، وہ شیخ محمد صدیق کے گھر پیدا ہوئے، ابتدائی اور مروجہ تعلیم انہوں نے اپنے والدِ محترم کی نگرانی میں حاصل کی، اردو اور فارسی زبانوں پر انہیں اچھی دسترس حاصل تھی، جس نے ان کے شعری ذوق کو مزید جلا بخشی، شعر و سخن سے ان کی دلچسپی کا آغاز کم عمری ہی میں ہوگیا تھا اور صرف پندرہ برس کی عمر میں انہوں نے باقاعدہ شعر کہنا شروع کر دیا تھا، شاعری کے فن میں مزید پختگی حاصل کرنے کے لیے انہوں نے شیخ عبدالغنی جو مرزا فائز بنارسی کے شاگرد تھے کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا، اس طرح انہیں کلاسیکی شعری روایت، زبان کی نزاکتوں اور فنِ سخن کے اسرار سے واقفیت حاصل ہوئی، 1951ء میں وہ اس دارِ فانی سے رخصت ہوئے۔