کمال کرتارپوری کا تعارف
لالہ جگن ناتھ کمال ڈاکٹر لاہوریا رام کے صاحبزادے کھتری اروڑا خاندان سے تعلق رکھتے تھے، ان کا آبائی وطن منٹگمری تھا، جبکہ ان کی پیدائش 1895ء میں کرتارپور، جالندھر میں ہوئی، وہ علم و ادب سے گہرا شغف رکھنے والے صاحبِ علم شخص تھے، بی۔ اے کے علاوہ فاضلِ فارسی و اردو کی اسناد بھی حاصل کیں، عملی زندگی میں ڈسٹرکٹ سروس سے وابستہ رہے، شعر و سخن میں جوش ملسیانی سے اکتسابِ فیض کیا اور اپنی شعری صلاحیتوں کو استاد کی رہنمائی سے جلا بخشی، ان کا مجموعۂ کلام ’’کمالِ سخن‘‘ کے نام سے شائع ہوچکا ہے، جبکہ ان کی مثنوی ’’نغمۂ کمال‘‘ 2121 اشعار پر مشتمل ہے، ان کے شعری سرمایے میں نعتیہ کلام بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے بارگاہِ رسالت مآب سے اپنی عقیدت و محبت کے جذبات کو شعری پیکر عطا کیا ہے، ان کی ادبی شخصیت علم، شعری ریاضت اور مذہبی عقیدت کے حسین امتزاج کی آئینہ دار ہے۔