کاظم علی باغ کا تعارف
کاظم علی باغ 1862ء میں علی گڑھ کے ایک معزز، تعلیم یافتہ اور سادات خاندان میں پیدا ہوئے، آپ کے والد کا آبائی وطن سبزوار، ایران تھا، آپ کے اجداد مغلیہ عہد میں ہندوستان آئے اور یہیں مستقل سکونت اختیار کر لی، ابتدائی تعلیم و تربیت علی گڑھ میں ہوئی، جبکہ عملی زندگی کا بیشتر حصہ آگرہ، رام پور اور جونپور میں گزرا، بعد ازاں رام پور سے حیدرآباد منتقل ہوگئے جہاں ٹھیکے داری کا پیشہ اختیار کیا اور نہایت اطمینان اور آسودگی کے ساتھ زندگی بسر کی، تقسیمِ ہند کے بعد خاندان کے بیشتر افراد پاکستان منتقل ہوگئے، جس کے باعث نہ تو آپ کے حالاتِ زندگی تفصیل کے ساتھ محفوظ رہ سکے اور نہ ہی آپ کے وسیع شعری سرمائے کا مکمل علم ہوسکا، البتہ آپ کے کلام کا ایک مختصر انتخاب 1980ء میں ادبی ٹرسٹ، حیدرآباد کے تعاون سے شائع ہوا جس میں تقریباً 145 غزلیں شامل ہیں، باغ کی شہرت اور مقبولیت نے انہیں مہاراجہ کشن پرشاد کی ادبی محفلوں تک رسائی عطا کی جہاں انہیں درباری شاعر کی حیثیت سے امتیاز حاصل ہوا، اگرچہ آپ بنیادی طور پر غزل گو شاعر تھے، تاہم نظم، قصیدہ، رباعی، سلام اور سہرا جیسی اصنافِ سخن میں بھی طبع آزمائی کی، 1944ء میں حیدرآباد میں آپ کا وصال ہوا۔