خفی عثمان آبادی کا تعارف
سید اکبر حسین خفی کے تخلص سے معروف تھے، آپ کے والد کا نام سید امیر پٹیل تھا، آپ کی ولادت 9 جولائی 1909ء کو عثمان آباد کے موضع کلم میں ہوئی، اگرچہ آپ کو باقاعدہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع نہ مل سکا، تاہم غیر معمولی ذوقِ علم اور ذاتی محنت سے اردو، مراٹھی اور عربی زبانوں میں قابلِ ذکر مہارت حاصل کی، 1936ء–1937ء کے دوران آپ شولاپور منتقل ہوئے اور وہیں سکونت اختیار کی، بعد ازاں 1948ء سے 1960ء تک شکرپیٹھ کی ہاشم پیر مسجد میں امامت کے فرائض نہایت حسن و دیانت کے ساتھ انجام دیتے رہے، شاعری کا ذوق آپ میں بچپن ہی سے موجود تھا، آپ نہایت گوشہ نشیں، خلوت پسند اور درویشانہ مزاج کے حامل تھے، بیس برس کی عمر میں سراج پاشا قادری اکلوٹ والے کے دستِ حق پرست پر بیعت کا شرف حاصل کیا، جس کے بعد آپ کی شاعری پر تصوف اور روحانیت کے اثرات نمایاں ہوتے گئے، آپ کا شعری مجموعہ حبِ محمد کے نام سے شائع ہوچکا ہے، جس کا بیشتر حصہ نعتیہ کلام پر مشتمل ہے، آپ کی شاعری عشقِ رسول، وارفتگی، تصوف اور عرفانی مضامین کا حسین مرقع ہے، جس میں جذبۂ عقیدت نہایت مؤثر اور دل نشیں انداز میں جلوہ گر ہوتا ہے، افسوس کہ آپ کی زندگی کے آخری حالات مستند طور پر محفوظ نہ رہ سکے۔