مرزا ابو جعفر کشفی کا تعارف
رباعی کے شاعر مرزا ابو جعفر کشفیؔ کا تعلق لکھنئو سے تھا، جہاں ان کی پیدائش 1898ء میں ہوئی، ابتدائی تعلیم اورگریجوئیشن کے بعد وہ برٹش انڈین آرمی سے وابستہ ہوئے اور بطور میجر دوسری جنگِ عظیم کے دوران کلکتہ میں کمانڈر کوسٹ ڈیفینس تعینات رہے، دورانِ سروس ان کی تعلیمی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’خان بہادر‘‘ کے خطاب سے نوازا گیا۔
1965ء میں کلکتہ سے کراچی منتقل ہوئے جہاں مرزا کشفیؔ باقاعدگی سے شعر و ادب کی محافل منعقد کرتے جس میں معروف شعرا اور ادیب شریک رہتے تھے، ان کا مجموعۂ کلام '’مکاشفاتِ کشفی‘‘ 1958ء میں اکیڈمی آف ایجوکیشنل ریسرچ (کراچی) نے شائع کیا جو مرزا کشفیؔ نے اپنے اساتذہ رضا علی وحشتؔ اور ناطق لکھنوی کے نام مسنوب کیا۔
مرزا کشفیؔ کا انتقال 1973ء میں کراچی میں ہوا جہاں وہ اپنی شریکِ حیات حشمت آرا بیگم کے برابر مدفون ہیں۔