نواب محمد خان کا تعارف
نواب سید محمد خاں متخلص بہ رند نواب سراج الدولہ غیاث الدین محمد خاں نصرت جنگ کے بڑے صاحبزادے اور مرزا محمد یوسف نیشاپوری کے پوتے تھے، آپ کی ولادت جمعہ کے دن 11 ربیع الاول 1212ھ مطابق 4 دسمبر 1797ء کو فیض آباد میں ہوئی، رند باقاعدہ طور پر زیادہ تعلیم یافتہ نہ تھے، تاہم اپنے عہد کے رواج اور اہلِ علم و فضل کی صحبت نے ان کے اندر کم عمری ہی سے شعر و سخن کا ذوق پیدا کر دیا تھا، ابتدا میں وہ میر مستحسن خلیق کے تلامذہ میں شامل تھے اور وفا تخلص اختیار کرتے تھے لیکن جب لکھنؤ آئے تو خواجہ حیدر علی آتش کی خدمت میں زانوئے تلمذ تہہ کیا، آتش نے ان کا تخلص وفا سے بدل کر رند رکھ دیا، جو بعد میں ان کی شناخت بن گیا، صاحبِ تاریخِ اودھ کمال الدین حیدر کے مطابق ان کا انتقال عارضۂ جذام کے باعث ہوا اور وہ بے اولاد تھے، انہوں نے زیارتِ کربلائے معلیٰ کا ارادہ کیا تھا مگر اس کی تکمیل نہ ہوسکی، رند کا بیشتر کلام غزلوں پر مشتمل ہے جن میں صوفیانہ مضامین نمایاں ہیں اور یہی عناصر ان کی شاعری کے حسن کو دوبالا کرتے ہیں۔