قاضی نورالحق کا تعارف
قاضی نورالحق جو منعم کے تخلص سے معروف تھے اور قاضی سید معصوم مبرور کے فرزند تھے، ریاستِ رامپور موضع کھاتا میں تقریباً 1160ھ کے آس پاس پیدا ہوئے، وہ اپنے عہد کے بے بدل عالم و فاضل تھے اور فارسی زبان میں شعر کہتے تھے، تذکرۂ نشترِ عشق کے مطابق قاضی منعم نے نواب فیض اللہ خاں والیِ رامپور کی فرمائش پر قرآنِ کریم کی تفسیر بھی لکھی تھی، اسی طرح تذکرۂ طبقات الشعرا میں مذکور ہے کہ ان کے چار دیوان اور متعدد مثنویاں پایۂ تکمیل کو پہنچیں، انتخابِ یادگار کے مؤلف کو ان کی ایک مثنوی "سرودِ جاں نواز" بھی دستیاب ہوئی، تاہم وہ نامکمل تھی، قاضی نورالحق منعم کا انتقال 1223ھ میں ہوا۔