راجہ پرشو رام کا تعارف
راجہ پرشو رام 1921ء میں حیدرآباد کے ایک معزز خاندان میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق مہاراجہ سر کشن پرشاد کے خانوادے سے تھا، ابتدائی عمر ہی سے انہیں اردو اور فارسی زبان و ادب خصوصاً شعر و شاعری سے گہری دلچسپی تھی، 1944ء میں وہ بنگلور منتقل ہوگئے، جہاں ایک کمپنی میں پبلسٹی آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، اگرچہ شعر و ادب سے ان کا شغف ابتدا ہی سے تھا، تاہم باقاعدہ شعر گوئی کا آغاز 1958ء میں کیا اور پرشاد تخلص اختیار کیا، شعری تربیت کے سلسلے میں ابتدا میں انہوں نے شوق بنگلوری سے اصلاحِ سخن لی، بعد ازاں بسمل حیدرآبادی کو اپنا کلام دکھانے لگے، اگرچہ انہوں نے غزل بھی کہی لیکن ان کی اصل توجہ نعت گوئی پر رہی، انہوں نے غزلوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ نعتیں کہیں ہیں۔