صائمہ زیدی کا تعارف
اصلی نام : صائمہ زیدی
صائمہ زیدی عصری شعر و ادب کی اہم اور نمائندہ شخصیت ہیں جنہوں نے نظم اور غزل دونوں کو اپنی اچھوتی متخیلہ سے معتبر بنایا، احمد ندیم قاسمی انہیں اردو کی اس شعری روایت کے ساتھ جوڑتے ہیں جو فارسی کے اہم ترین شعرا جیسے سعدی، حافظ اور نظیری سے ہوتی ہوئی، میر، غالب اور فراق تک پہنچتی ہے، ان کا پہلا شعری مجموعہ دھوپ لوں ہتھیلی پر 2003 میں شائع ہوا جب کہ دوسرا شعری مجموعہ زیر ترتیب ہے، پیشے کے اعتبار صحافی ہیں اور صحافت میں ایم اے کے بعد بی بی سی اردو، وائس آف جرمنی اردو، پی ٹی وی جیسے اہم نشریاتی اداروں سے منسلک رہ چکی ہیں، انہوں نے نہ صرف قومی و بین الاقوامی مشاعروں میں شرکت کی بلکہ ٹیلی وژن پر بہت سے مشاعروں کی نظامت کے فرائض انجام دیئے، پی ٹی وی پر اردو ادب کے حوالے سےایک ادبی پروگرام کی بھی میزبان رہیں، اس سے قبل غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ برائے سائنس اور ٹیکنالوجی میں دس برس تدریسی و انتظامی امور انجام دیے، ان کی شاعری امن کا پیغام ہے یہی وجہ ہے کہ 2006 میں بین الاقوامی برائے امن ”یونیورسل پیس فیڈریشن“ کی جانب سے انہیں ”صفیر برائے امن“ نامزد کیا گیا۔