سید نظام شاہ کا تعارف
میاں سید نظام شاہ بن سید احمد شاہ رامپور کے محلہ گھیر سخی میں پیدا ہوئے، سنِ پیدائش کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے، بعض نے 1235ھ مطابق 1819ء اور بعض نے 1239ھ مطابق 1823ء تحریر کیا ہے، نظام کے مورثِ اعلیٰ سید عبداللہ شاہ روہیلوں کے پیر تھے اور انہی کے ہمراہ روہیل کھنڈ آئے تھے، نظام شاہ باقاعدہ طور پر زیادہ تعلیم یافتہ نہ تھے، انہوں نے جو کچھ سیکھا اپنے پیر و مرشد میاں احمد علی شاہ سے سیکھا، جو شاعری میں بھی ان کے استاد تھے، امیر مینائی نے انہیں نواب یوسف علی خاں ناظم اور شیخ علی بخش بیمار کا شاگرد قرار دیا ہے، جبکہ عشرت لکھنوی نظام کو غالب کا شاگرد مانتے ہیں، میاں سید نظام شاہ اردو اور فارسی، دونوں زبانوں میں شعر کہتے تھے۔