وصی پھلواروی کا تعارف
تخلص : 'وصی'
اصلی نام : وصی احمد
پیدائش :پھلواری شریف, بہار
وفات : پھلواری شریف, بہار, بھارت
رشتہ داروں : طلعت پھلواروی (دادا), فرد پھلواروی (مرشد)
شاہ وصی احمد پھلواروی 1236ھ میں پیدا ہوئے، آپ شاہ ابوالقاسم کے اکلوتے فرزند اور شاہ نعمت اللہ قادری کے نواسے تھے، ابتدائی تعلیم مولانا احمدی سے حاصل کی، جبکہ تکمیلِ تعلیم مولانا محمد حسین کے زیرِ تربیت ہوئی، 1240ھ میں شاہ نعمت اللہ قادری کے دستِ حق پرست پر بیعت کی، تاہم سلسلۂ قادریہ میں اجازت و خلافت شاہ ابوالحسن فرد سے حاصل ہوئی، 1293ھ میں آپ کا وصال ہوا اور مقبرۂ مجیبی میں سپردِ خاک کیے گئے، حضرت وصی کا مختصر دیوان دو حصوں پر مشتمل ہے جن میں پہلا حصہ فارسی اور دوسرا اردو کلام پر مشتمل ہے، فارسی دیوان تقریباً 118 غزلوں کا مجموعہ ہے جس کے مرتب اور دیباچہ نگار مولوی غلام دستگیر ہیں، حضرت وصی نے اپنی بیشتر غزلیں حضرت فرد کی زمین میں کہی ہیں، آپ کے دیوان کا سب سے اہم حصہ نعتیہ غزلوں پر مشتمل ہے، جبکہ نعتیہ کلام کے بعد آپ کی منقبتیں بھی اہلِ ذوق کی خصوصی توجہ اپنی جانب مبذول کراتی ہیں، غزلوں کے علاوہ آپ نے متقدمین شعرا کی غزلوں پر متعدد خمسے بھی تحریر کیے ہیں، قصائد کے باب میں امام زین العابدین کی مدح میں آپ کا معروف قصیدہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے، دیوان کے اختتام پر 124 اشعار پر مشتمل ایک مثنوی بھی شامل ہے جو آپ نے اپنے پیر و مرشد کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت کے طور پر پیش کی ہے۔