بہادر شاہ ظفر کا تعارف
مرزا ابو ظفر سراج الدین محمد بہادر شاہ ظفر جو اکبر شاہ ثانی کے دوسرے بیٹے تھے لال بائی کے بطن سے 24 اکتوبر 1775ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ آپ کا سلسلہ نسب گیارھویں پشت میں شہنشاہ ظہیرالدین محمد بابر سے جا ملتا ہے۔ آپ اردو کے شاعر ابراہیم ذوق کے شاگرد تھے۔ ذوق کی وفات کے بعد آپ نے مرزا غالب سے شاعری میں رہنمائی حاصل کی۔ آپ کو شعر و سخن سے کافی دلچسپی تھی۔ برابر اپنے محل میں مشاعرہ منعقد کراتے رہے اور شعر و سخن کو پروان چڑھاتے رہے۔ آپ کا دیوان چھپ کر اہل ذوق کی نذر ہو چکا ہے۔ آپ مغلیہ سلطنت کے آخری شہنشاہ تھے۔ 1857ء میں جنگ آزادی کی قیادت کرنے کی پاداش میں انگریزوں نے اُنہیں معزول کردیا اور ایک عدالتی کارروائی کے نتیجے میں اُنہیں رنگون جلاوطن کردیا گیا جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے آخری سال گزارےگزارے۔ 7 نومبر 1862ء کو حالت کسم پُرسی میں رنگون میں انتقال ہوا۔ کتنا ہے بد نصیب ظفر دفن کے لئے دو گز زمین بھی نہ ملی کوئے یار میں