حسن عظیم آبادی کا تعارف
سید حسن نام اور حسن تخلص کرتے۔ 13 دسمبر 1913ء کو پٹنہ میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد نواب سید نصیر حسین خاں عظیم آباد کے ایک معزز خاندان سےتعلق رکھتے تھے۔ ابتدائی تعلیم گھر پرحاصل کی اور انگریزی علوم کے لئے محمڈن اسکول، پٹنہ سیٹی میں داخل ہوئے جہاں سے انٹرنس پاس کیا۔ آئی اے سے فراغت کے بعد 1937ء میں پٹنہ یونیورسٹی سے امتیازی نمبر کے ساتھ بی اے کیا پھر اسی یونیورسٹی سے 1940ء میں اردو سے اور 1943ء میں فارسی سے ایم میں کیا اور دونوں میں اول آئے۔ اس سلسلے میں اعزاز و اکرام بھی حاصل کئے۔ اس کے بعد حیدرآباد اور پھر چٹگام کے کالج میں تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے۔ حسن عظیم آبادی مولوی عبدالحق کی قائم کردہ ترقی اردو کی شاخ چاٹگام میں 1956ء سے 1960ء تک خدمات انجام دی۔ ان کی نگارشات بیشتر رسالوں میں چھپا کرتی تھیں اور ادبی طبقوں میں پسند کی جاتی تھیں۔