خیال رامپوری کا تعارف
خیال رامپوری کا اصل نام نہال الدین خاں تھا، آپ 3 فروری 1934ء کو رامپور کے محلہ مسجد چرخ والی میں پیدا ہوئے، آپ کے والد مولانا فیاض الدین خاں اپنے وقت کے معزز، باوقار اور ثقہ اہلِ علم میں شمار کیے جاتے تھے، گھر کے دینی و علمی ماحول نے خیال رامپوری کی شخصیت کی فکری اور ادبی تشکیل میں نہایت اہم کردار ادا کیا اور کم عمری ہی سے ان کے اندر علم و ادب کا ذوق پروان چڑھنے لگا، آپ کی باقاعدہ تعلیم کا آغاز مدرسہ عالیہ، رامپور سے ہوا جو اس زمانے میں علومِ دینیہ، عربی، فارسی اور اردو کی تدریس کا ایک ممتاز مرکز تھا، 1948ء میں آپ نے منشی کا امتحان امتیازی حیثیت سے پاس کیا، جبکہ 1953ء میں کامل کی سند حاصل کی، علمی قابلیت اور تدریسی صلاحیت کے اعتراف میں 1955ء میں اسی ادارے میں فارسی کے استاد کی حیثیت سے آپ کا تقرر ہوا، اس منصب پر فائز رہتے ہوئے آپ نے مسلسل سینتیس برس تک تدریس کے فرائض نہایت اخلاص، محنت اور علمی وقار کے ساتھ انجام دیے اور بے شمار طلبہ کو فارسی زبان و ادب کی تعلیم سے آراستہ کیا، خیال رامپوری نہ صرف ایک کامیاب معلم تھے بلکہ ایک قادرالکلام شاعر بھی تھے، وہ مشاعروں میں اپنے مخصوص تحت اللفظ انداز میں کلام سنانے کے لیے خاص شہرت رکھتے تھے، ان کا شعری سرمایہ "پہچان" کے عنوان سے شائع ہوچکا ہے، 20 جنوری 2001ء کو یہ ممتاز شاعر رخصت ہوا۔