منظر کاکوی کا تعارف
آپ کی پیدائش شاہ ٹولی، داناپور میں 17 رمضان دو شنبہ 1324ھ کو ہوئی۔ آپ کا نام عبدالرحمٰن اور تاریخی نام منظر اقبال ہے مگر اپنے عرفی نام مسعود الرحمٰن سے متعارف ہوئے۔ آپ اپنے والد حکیم سید شاہ سعید احمد کاکوی کے بڑے صاحبزادہ تھے۔ شروع سے کم سخن اور غریب پرور رہے۔ کبھی کسی شئے کی تمنا ظاہر نہ کرتے۔ سادگی پسند زندگی اختیار کرتے۔ نام و نمود، عیش و عشرت سے کوسوں دور رہے۔ مدرسہ نعمانیہ حنفیہ، داناپور سے تفسیر و حدیث کی تعلیم لی۔ آپ کو بیعت و خلافت اپنے نانا شاہ نظیر حسن ابوالعُلائی داناپوری سے تھی۔ مزید تعلیم باطنی اور سلوک کی تکمیل حضرت شاہ اکبر داناپوری کے صاحبزادے اور خانقاہ سجادیہ ابوالعلائیہ، داناپور کے سجادہ نشیں حضرت شاہ محسن داناپوری سے کی۔ منظر کاکوی شروع سے حضرت شاہ محسن داناپوری کی صحبت میں رہے اس لئے شعر و سخن سے بہت جلد وابستہ ہوگئے۔ اچھے اشعار کہنے پر قادر تھے۔ برابر شعری محافل میں حصہ بھی لیا کرتے تھے۔ آپ کا شمار حضرت شاہ محسن داناپوری کے شاگردوں میں نمایاں طور پر ہوتا ہے۔ منظر کاکوی کی زندگی نے وفا نہ کی اور وہ 2 شوال المکرم 1361ھ موافق 1942ء کو عشا کے وقت کاکو میں رحلت کر گئے۔