رند لکھنوی کا تعارف
رند لکھنوی کا نام نواب سید محمد خان تھا۔ ان کا شمار شہر لکھنو کی معروف شخصیات میں ہوتا تھا۔ رند 3 ستمبر 1797ء کو فیض آباد میں پیدا ہوئے۔ نوابان اودھ کے خاندان سے قرابت تھی چنانچہ شجاع الدولہ کی زوجہ نواب بہو بیگم کی سرپرستی میں پرورش و پرداخت ناز و نعم سے ہوئی۔ بچپن سے طبیعت شعروسخن کی طرف مائل تھی۔ فیض آباد کے دوران قیام وفا تخلص کرتے تھے۔ میرمستحسن خلیق سے جو میر انیس کے والد تھے، اصلاح لیا کرتے تھے۔ رند لکھنوی نواب بہو بیگم کے انتقال کے بعد لکھنؤ چلے گئے اور خواجہ آتش لکھنوی کے شاگرد ہوگئے۔ ان کی خواہش کے مطابق رند تخلص اختیار کیا۔ رند نے وفا کا سارا کلام دوستوں کی موجودگی میں کنویں میں ڈال دیا اور خواجہ آتش کی پیروی میں نئے طرز میں شاعری کرنے لگے۔ رند ایک خوبصورت، عاشق مزاج اور دولت مند رئیس تھے۔ انہوں نے رندانہ زندگی بسر کی۔ آخر عمر میں تائب ہوگئے تھے۔ مقام مقدسہ کی زیارت کو روانہ ہوئے مگر بمبئی میں 1857ء میں فوت ہوگئے۔